۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ ساجد نقوی

حوزہ / قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: امت مسلمہ حیات طیبہ پر عمل پیرا ہو کر اور امت واحدہ بن کر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کر سکتی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ختمی مرتبت، محبوب خدا، پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور امام ششم حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کے میلاد مسعود اور ہفتہ وحدت کے اختتام پر امت مسلمہ کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا ہے کہ قرآن کریم کی تعلیمات کی روشنی میں یہ امت، امت واحدہ ہے۔

انہوں نے کہا: پیغمبر گرامی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات بابرکت امت مسلمہ کے درمیان وحدت و اخوت اور بھائی چارے و یگانگت کا مرکز و محور ہے اور ان کی حیات طیبہ اور سیرت و کردار ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ جب ہمارا پختہ یقین ہے کہ ہم سب کا ایک خدا، ایک رسول، ایک قرآن اورایک کعبہ پر ایمان ہے تو چند ایک فروعی نوعیت کے اختلافات کا حل مہذب اور شائستہ انداز کے ساتھ علمی سطح پرتلاش کرنے کی عادت ڈالنی چاہیے۔ ہمارے اسی موقف کی تائید بزرگان دین اور مراجع کرام نے بھی کی اور واضح کیا کہ تمام مکاتب اور مسالک کے مقدسات کا احترام لازم اور توہین ممنوع ہے۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: حضرت ختمی مرتبت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حیات طیبہ کے بہت سارے پہلو ہیں جن پر عمل پیرا ہوکر امت مسلمہ امت واحدہ بن کر اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرسکتی ہے، اعلی و ارفع اوصاف و کمالات کا مجموعہ ہستی کی سیرت طیبہ نہ صرف امت محمدی بلکہ پوری انسانیت کے لئے نمونہ عمل ہے تو پھر کیوں امت مسلمہ انتشار و خلفشار میں مبتلا ہے حالانکہ وہ سیرت و سنت نبوی کے اخلاق حسنہ، اعلی انسانی اوصاف و کمالات، مہرومحبت، علم و حکمت ، تدبر و تحمل، صبر و شکر، عدل و انصاف، اخوت و بھائی چارگی، خدمت خلق اور حقوق انسانی کی انجام دہی اور اسوۂ حسنہ کی تقلید سے سربلندی و سرفرازی اور درجۂ کمال حاصل کرسکتی ہے۔

علامہ ساجد نقوی کے مطابق امام ششم حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام نے اپنے آباءو اجداد کی سنت و سیرت کو زندہ کرتے ہوئے تشنگان علوم کو بہرہ مند کیا۔ یہی وجہ کہ امام جعفر صادق ؑکے دروس میں ہزاروں شاگردان شریک ہوتے، ان سے کسب فیض کرنے والوں میں تمام مسلمہ اسلامی مکاتب فکر کے ائمہ، جید علماءکرام ،نامور سائنس دان ،اطباءاورمعروف علمی شخصیات شامل ہیں، ان کے فرامین کے مطابق "ایمان عمل کے بغیر، عمل یقین کے بغیر اور یقین خشوع کے بغیر نہیں ہے"۔ "علم بغیر عمل کے آزار ہے اور عمل بغیر اخلاص بیکار ہے "۔

علامہ ساجد نقوی کا مزید کہنا ہے کہ اولاد پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں سے امام جعفر صادق علیہ السلام نے جس طرح اپنے جد امجد کی سیرت و کردار پر عمل پیرا ہوکر تمام شعبوں میں امت مسلمہ کی رہبری و رہنمائی کی۔ وہ تاریخ اسلام کا ایک روشن باب ہے لہٰذ ا امت واحدہ کے لئے قرآنی تصور کو عملی طور پر اجاگر کرنے کے لئے تعلیمات قرآن، سیرت رسول اکرم (ص) اورکردار امام جعفر صادق علیہ السلام سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ ہم فرقہ وارانہ اور مسلکی ہم آہنگی کے فروغ، مشترکات پر عمل درآمد، احترام آدمیت، شرف انسانیت، رواداری، برداشت اور مقدسات کے احترام سے استعماری سازشوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .